سیف علی خان کو بالآخر دو سال کا مفت گھی مل گیا، دلچسپ ویڈیو وائرل

سیف علی خان کو بالآخر دو سال کا مفت گھی مل گیا، دلچسپ ویڈیو وائرل

بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان کو دو سال تک مفت گھی فراہم کیے جانے کی دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیف علی خان نے کچھ عرصہ قبل بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے مقبول ٹی وی شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں شرکت کی تھی، جہاں ایک سوال کا درست جواب دینے پر انہیں دو سال تک مفت گھی فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔شو کے دوران ہونے والے اس دلچسپ واقعے کے بعد سیف علی خان کو دو سال تک گھی کی مفت سپلائی ملنے کی توقع تھی، تاہم اداکار نے بعد میں مختلف انٹرویوز میں بتایا کہ وعدے کے باوجود انہیں گھی موصول نہیں ہوا۔سیف علی خان کے اس شکوے پر مداحوں نے سوشل میڈیا پر بھی دلچسپ ردعمل دیا اور ان کے لیے مزاحیہ انداز میں مفت گھی کی فراہمی کا مطالبہ کرنے لگے۔ اس معاملے نے صارفین کو خوب محظوظ کیا اور یہ واقعہ سوشل میڈیا پر گفتگو کا موضوع بن گیا۔

حال ہی میں سیف علی خان نے انسٹاگرام پر ایک ریل شیئر کی، جس میں وہ لائیو سیشن کے دوران مداحوں کے سوالات کے جواب دیتے دکھائی دیتے ہیں۔ ویڈیو کے دوران اچانک کیمرے کا رخ دوسری جانب ہوتا ہے، جہاں گھی کے متعدد ڈبے رکھے نظر آتے ہیں۔گھی کے ڈبوں کی جھلک سامنے آتے ہی مداحوں نے اسے اداکار کو مفت گھی کی فراہمی کے وعدے کی تکمیل سے جوڑ لیا۔ صارفین کے مطابق بالآخر سیف علی خان کو وہ گھی مل گیا جس کا وہ کافی عرصے سے انتظار کر رہے تھے۔