کالجز اساتذہ کی کمی کا بحران حل نہ ہوسکا،طلبہ پریشان

لاہور (خصوصی رپورٹ)پنجاب کے سرکاری کالجز میں اساتذہ کی کمی کا بحران حل نہ ہوسکا، تعلیمی سیشن کے آغاز کے باوجود عارضی اساتذہ کی بھرتیوں کا عمل مکمل نہ ہونے سے کالج سربراہان اور طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن نے مستقل اساتذہ کی خالی اسامیوں پر عارضی اساتذہ بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم بھرتیوں میں تاخیر سیکالجز میں تدریسی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ذرائع کے مطابق رواں سال بھی گزشتہ برس کی طرح 7 ہزار عارضی اساتذہ بھرتی کیے جائینگے تاہم محکمہ ہائر ایجوکیشن کو عارضی اساتذہ کی تعداد بڑھانے کی منظوری نہیں مل سکی، جس سے اساتذہ کی کمی پوری کرنے کیلئے اضافی بھرتیاں ممکن نہیں ہوسکیں۔ عارضی اساتذہ کو 75 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ عارضی اساتذہ کی بھرتیوں کیلئے 7 ہزار سے زائد امیدواروں کے انٹرویوز آج مکمل ہونگے۔