بلوچستان: 28محکموں کے 428سرکاری ملازمین کی دہری ملازمت کا انکشاف

کوئی بھی سرکاری افسر یا ملازم ریاستی بیانیے سے انحراف نہیں کر سکتا، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی،فوری کارروائی اور مقدمات درج کرنے ، بیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم 
    کوئٹہ(آئی این پی ) بلوچستان کے 28محکموں کے 428سرکاری ملازمین کی دہری ملازمت کا انکشاف ہوا ہے۔تفصیل کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کے اجلاس میں صوبے کے 28محکموں کے 428ملازمین کی دہری ملازمت کرنے، کئی افسران کا تبادلہ ہونے کے باجود سرکاری گاڑیاں واپس نہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فوری کارروائی اور مقدمات درج کرنے اور بیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم دے دیا۔سیکرٹری ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سید ظفر شاہ بخاری نے اجلاس میں 9882سرکاری گاڑیوں کا ریکارڈ پیش کیا اور اعداد و شمار کو اپ ڈیٹ کرنے کی حکمت عملی پر بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کئی افسران ٹرانسفر کے باوجود گاڑیاں واپس نہیں کر رہے جس پر وزیر اعلیٰ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ گاڑیاں واپس نہ کرنے والے افسران کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کی جائے۔انھوں نے کہا سول سرونٹ ایکٹ میں ترمیم ضروری ہے تاکہ غیر فعال افسران کے خلاف جبری ریٹائرمنٹ کا آپشن استعمال کیا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے سرکاری افسران اور اہلکاروں کی ڈیٹا بیس تک رسائی حاصل کر لی گئی ہے اور وہ خود ملازمین کی حاضری مانیٹر کریں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کوئی بھی سرکاری افسر یا ملازم ریاستی بیانیے سے انحراف نہیں کر سکتا، ریاست مخالف عناصر کو بیڈ گورننس تقویت دیتی ہے، جس کا سدباب کرنا ضروری ہے۔