ملک میں ہر قانون موجود ہے ‘ عملدرآمد کی ضرورت ہے: جسٹس محسن کیانی

گورننس کے پورے ماڈل کو بہتر بنانے  کیلئے  نئی نسل کی ضرورت ہے:تقریب سے خطاب
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا ہے  پاکستان میں ہر قانون موجود ہے مگر اس پر عمل درآمد کی ضرورت ہے اور طلبہ کو ہدایت کی کہ کرپشن اور ڈرگز سے انکار کرنا ہے۔اسلام آباد میں دی ملینیم یونیورسل کالج میں ملینیم نیشنل موٹ کورٹ مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں شعبہ قانون کے طلبہ نے بطور وکیل اپنا کیس پیش کیا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد ایاز شوکت اور دیگر نے بطور جج فرائض سر انجام دیے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے بطور مہمان خصوصی طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے قانونی نظام میں بہت خلا ہے اور زور دیا کہ وکلا کو عدالتوں میں مکمل تیاری کے ساتھ حاضر ہونا چاہیے ورنہ نتائج بھی ویسے ہی برآمد ہوں گے جو اس وقت دیکھنے میں آ ئیں گے۔ ہم لوگ بیرون ملک سے پڑھ کر نہیں آئے تھے لیکن جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے بیرون ملک تعلیم حاصل کی تھی۔ گورننس کے پورے ماڈل کو بہتر بنانے کے لیے ایک نئی نسل کی ضرورت ہے، 45 سال سے زائد عمر کے لوگوں نے جو کرنا تھا وہ کر چکے ہیں، اب نئی نسل کو ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔