نئے ایس او پیز کے باعث فیلڈ کارروائیاں روکی گئی تھیں ،ریکارڈ محفوظ رکھنے کیلئے کیو آر کوڈ کی تجویز بھی زیر غور
لاہور( خصوصی رپورٹ )ایل ڈی اے ٹا ئون پلاننگ کے شعبے میں 16 روز سے معطل سیلنگ اور مسماری آپریشنز دوبارہ بحال کر دیے گئے ہیں۔ نئے ایس او پیز کے باعث فیلڈ کارروائیاں روکی گئی تھیں، تاہم باڈی کیم اور لائیو مانیٹرنگ کا نظام فعال ہونے سے پہلے ہی معمول کے آپریشنز کا آغاز کر دیا گیا۔نئے طریقہ کار کے تحت ٹا ئون پلاننگ کی کارروائیوں کو جدید نگرانی کے نظام سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس مقصد کے لیے آپریشنز کے دوران باڈی کیم کے استعمال، لائیو سٹریمنگ اور مانیٹرنگ کا انتظام متعارف کرایا جانا تھا، تاکہ فیلڈ میں ہونے والی کارروائیوں کی نگرانی اور ریکارڈ محفوظ بنایا جا سکے۔ایس او پیز میں کارروائی سے قبل مجاز اتھارٹی کی منظوری کا طریقہ کار بھی شامل کیا گیا تھا۔ اس انتظام کے تحت سیلنگ یا مسماری سے پہلے متعلقہ منظوری حاصل کرنا ضروری قرار دیا گیا، جبکہ کارروائیوں کا ریکارڈ محفوظ رکھنے کے لیے کیو آر کوڈ کے استعمال کی تجویز بھی زیر غور رہی۔تاہم نئے نظام کے یہ انتظامات ابھی عملی شکل اختیار نہیں کر سکے۔