پاکستان کیخلاف جارحیت: بھارتی ماہرین شکست تسلیم کرنے لگے

ہم پاکستان پر حملہ کرکے کچھ حاصل نہیں کر پائے،دنیا میں ہماری ساکھ کو بھی نقصان پہنچا، پراوین سواہنے
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان کیخلاف بلاجواز جارحیت پر بھارتی حکومت پر شدید تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔بھارتی میڈیا میں پاکستان کیخلاف جارحیت اور بھارتی فوج کی ناکامی پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی دفاعی تجزیہ کار پرواین سواہنے نے ایک بار پھر بھارتی مہم جوئی کو غلط قرار دے دیا۔ایک ٹی وی پروگرام میں وین سواہنے نے کہا کہ ہم پاکستان کیخلاف حملہ کرکے کچھ بھی حاصل نہیں کرپائے اور اس سے ہماری بین الاقوامی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ پراوین سواہنے نے کہا کہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ ہم نے ایک بحران کے اندر اپنی کیا فوجی طاقت دکھائی؟، بالاکوٹ میں بھی فضائیہ کا استعمال غلط تھا اس وقت تو انہیں پتہ بھی نہیں تھا کہ ہم یہ کر رہے ہیں۔بھارتی دفاعی تجزیہ کار نے مزید کہا کہ اس بار تو وہ (پاکستان)  آپ کے فضائی حملوں کیلئے مکمل تیار تھے، اگرآپ حملے کیلئے جا رہے ہیں تو اس کیلئے فوجی اہداف ہونے چاہئیں، فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہئے تھا وہ بنایا نہیں، دہشتگردی کے کیمپ ملٹری ہدف نہیں ہیں۔