غزہ: اسرائیلی میزائل سے ڈاکٹر جوڑے کا پورا خاندان ختم، 9 بچے شہید

المواسی کیمپ پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق ہوئے، جبالیا النزل میں ایک گھر پر بمباری میں ایک شخص شہید اور متعدد زخمی ہو گئے
غزہ(آئی این پی ) غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے جہاں تازہ بمباری میں ڈاکٹرجوڑے کے پورے خاندان سمیت مزید 12فلسطینی شہید ہو گئے جبکہ خوراک کی قلت سے مزید ایک بچہ جاںبحق ہوگیا۔ عرب میڈیارپورٹ کے مطابق المواسی کیمپ پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق ہوئے۔ شمالی غزہ کے علاقے جبالیا النزل میں اسرائیلی افواج نے ایک گھر پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں ایک شخص شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ حملے کے بعد کئی افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔اس دوران جنوبی شہر خان یونس میں بھی شدید گولہ باری اور فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئیں، جہاں حالات بدستور کشیدہ ہیں۔ قبل ازیں خان یونس میں ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں غزہ کی معروف ماہر اطفال ڈاکٹر آلا النجار کے نو بچے شہید ہو گئے، جب کہ ان کا شوہر اور ایک بچہ زخمی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر آلا اپنے شوہر اور بچوں کو گھر پر چھوڑ کرہسپتال میں ڈیوٹی پر تھیں، جب انہیں النصرہسپتال میں اپنے بچوں کی شہادت کی خبر دی گئی۔غزہ میں انسانی بحران روز بروز بدترین صورت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے محدود پیمانے پر غذا کی فراہمی کے باعث لاکھوں افراد قحط اور بھوک کا شکار ہیں فلسطینی حکام کے مطابق غذائی قلت کے باعث کم از کم چار لاکھ ستر ہزار افراد کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔