گوگل ارتھ کے 20سال مکمل ہونے پر 2نئے فیچرز متعارف

واشنگٹن (آئی این پی )سیٹلائیٹس ویوز اور 3ڈی نقشوں کی مدد سے دنیا کو دکھانے والی گوگل ارتھ سروس کو 20سال مکمل ہوگئے ۔گوگل ارتھ کی 20ویں سالگرہ کے موقع پر کمپنی کی جانب سے عام صارفین اور پروفیشنل افراد کے لیے 2نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔جون 2005میں گوگل ارتھ کو متعارف کرایا گیا تھا اور اس کے بعد سے یہ سروس صارفین کو جغرافیائی تفصیلات فراہم کر رہی ہے۔کمپنی کی جانب سے متعارف کرائے گئے ایک نئے فیچر کے تحت تاریخی سٹریٹ ویو امیجز کو براہ راست گوگل ارتھ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔اس فیچر کے ذریعے صارفین یہ دیکھ سکیں گے کہ دنیا کے مختلف مقامات گزشتہ برسوں میں کس طرح تبدیل ہوئے۔دوسرا فیچر مختلف آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹولز پر مشتمل ہے۔یہ ٹولز فی الحال امریکا میں متعارف کرائے جا رہے ہیں جن سے صارفین کو زمین کی سطح کے بارے میں تفصیلات حاصل ہوسکیں گی اور وہ اس کا تجزیہ کرسکیں گے۔