غزہ صورتحال: پاکستان اور ایران کا او آئی سی کو متحرک کرنے پر زور

غزہ صورتحال: پاکستان اور ایران کا او آئی سی کو متحرک کرنے پر زور

پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور عباس عراقچی نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

 دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایرانی میڈیا کے مطابق عباس عراقچی نے گفتگو کے دوران زور دیا کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف عالمی برادری کو مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے، خصوصاً اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کو فوری اور ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مغربی کنارے پر اسرائیلی پارلیمنٹ کی حالیہ قانون سازی کی بھی شدید مذمت کی، جس کے ذریعے اسرائیل نے فلسطینی علاقوں پر غیر قانونی قبضے کو قانونی حیثیت دینے کی کوشش کی ہے۔ عباس عراقچی نے کہا کہ یہ اقدام فلسطینی شناخت اور وجود کو مٹانے کی ایک سازش ہے، جسے عالمی سطح پر چیلنج کرنا ہوگا۔

دوسری جانب وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے فلسطینی عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کے لیے ہر ممکن سفارتی اور انسانی کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسئلہ فلسطین کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔