راولپنڈی کے نوجوانوں پر مشتمل ’’راولپنڈی ٹائیگرز‘‘ کے نام سے کرکٹ ٹیم تشکیل دینے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
اس کا اعلان وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پریس کانفرنس کے دوران کیا۔حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ پنڈی کے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل اس ٹیم کو عالمی معیار تک لے جانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ کسی غیر معمولی تیز اور باصلاحیت بولر کو اپنے خرچ پر بیرونِ ملک تربیت کے لیے بھیجا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے لاہور قلندرز کے زیر اہتمام 14 اور 15 فروری کو راولپنڈی ڈسٹرکٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ٹرائلز منعقد کیے جائیں گے، جو مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ ٹرائلز میں کسی قسم کی سفارش قبول نہیں کی جائے گی اور شرکت کے لیے راولپنڈی کا ڈومیسائل ہونا لازمی ہوگا۔ ٹرائلز کے بعد منتخب ہونے والے 20 باصلاحیت کھلاڑیوں کو تربیت کے لیے لاہور قلندرز کے ہائی پرفارمنس سینٹر بھیجا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ بھرپور کوشش کی جائے گی کہ آئندہ تین برس میں راولپنڈی ٹائیگرز کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شامل کرایا جائے۔