نیشنل جوڈیشل آٹومیشن کمیٹی کا اجلاس، مقدمات کی ای فائلنگ کے نفاذ کی حکمتِ عملی کا جائزہ لیا گیا
اسلام آباد(آئی این پی )چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت نیشنل جوڈیشل آٹومیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا،چیئرمین نیشنل جوڈیشل آٹومیشن کمیٹی جسٹس محمد علی مظہر نے اجلاس میں شرکت کی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس اعظم خان بھی اجلاس میں شریک ہوئے،نیشنل جوڈیشل آٹومیشن کمیٹی کے دیگر اراکین نے ویڈیو لنک سے شرکت کی۔اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ملک بھر میں مقدمات کی ای فائلنگ کے نفاذ کی حکمتِ عملی کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں یکساں ڈیجیٹل فائلنگ کیلئے مجوزہ معیاری ای فائلنگ ٹیمپلیٹس پر غور ہوا۔ چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہاکہ ای فائلنگ کا آغاز صوبوں اور اسلام آباد کی منتخب عدالتوں میں خاندانی مقدمات سے آزمائشی بنیادوں پر کیا جائے گا۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے ایک مقدمہ، ایک شناخت اقدام پر نیشنل جوڈیشل آٹومیشن کمیٹی کو بریفنگ دی،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ایک مقدمہ، ایک شناخت اقدام کے تحت ہر مقدمے کو عدالتی عمل کے آغاز سے اختتام تک منفرد شناخت دی جائے گی،ایک مقدمہ، ایک شناخت اقدام پر متعلقہ شراکت داروں سے مشاورت مکمل کر لی گئی۔