پنجاب: فضائی آلودگی سے کاروبار متاثر

لاہور ، کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل ،ملتان میں بھی صورتحال خراب ، بیماریاں پھیلنے لگیں 
لاہور (کرائم رپورٹر)دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور جمعہ کے روز بھی پہلے نمبر پر رہا جبکہ ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی چوتھے نمبر پر رہا جبکہ پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پنجاب میں فضائی آلودگی سے کاروبارِ زندگی شدید متاثر ہو سکتا ہے۔فضائی آلودگی کے عالمی ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق جمعہ کے روز لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے، بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی دوسرے، کلکتہ تیسرے اور کراچی چوتھے نمبر پر رہا۔صبح تقریباً ساڑھے 9بجے لاہور میں ایئر کوالٹی 312، نئی دہلی میں 206، کلکتہ میں 174اور کراچی میں 173ریکارڈ کی گئی۔پنجاب ایئر کوالٹی انڈکس کے مطابق چک جھمرہ کا فضائی معیار سب سے خراب رہا جہاں ایئر کوالٹی 664ریکارڈ کی گئی۔فیصل آباد میں ایئر کوالٹی 579، رائیونڈ میں 470، قصور میں 439اور پتوکی میں 362ریکارڈ کی گئی۔جبکہ ملتان میں بھی صورتحال خراب ریکارڈ کی گئی۔ماہرین ماحولیات کے مطابق اس سطح کی آلودگی انسانی صحت کے لیے نہایت نقصان دہ ہے، بالخصوص بچوں، بزرگوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کو گھروں سے غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب حکومت پنجاب کی جانب سے اینٹی اسموگ گن کا استعمال بھی جاری ہے تاکہ فضائی آلودگی میں کمی لائی جا سکی۔پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسموگ کی وجہ سے کاروبارِ زندگی شدید متاثر ہوسکتا ہے، حکومت سموگ سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔مریم اورنگزیب نے کنیئرڈ کالج لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے، عوام کے تعاون کے بغیر فضائی آلودگی پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اسموگ کی وجوہات کا خاتمہ کرنا اور اپنی فضا کو صاف ستھرا رکھنا ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس میں بہتری کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔