چینی کی فی کلو قیمت میں 9 روپے کی کمی

چینی کی فی کلو قیمت میں 9 روپے کی کمی

حکومت کے کریک ڈاؤن کے نتیجے میں رمضان کے دوران چینی کی قیمتوں میں سٹے بازی کرنے والے غائب ہو گئے، جس کے بعد ایک روز میں فی کلو چینی 9 روپے سستی ہو گئی۔

چیئرمین کراچی ہول سیلر گروسرز ایسوسی ایشن عبد الرؤف ابراہیم نے بتایا کہ جوڑیا بازار کی ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 168 روپے سے کم ہو کر 159 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔کریک ڈاؤن کے بعد چینی کی ایکس مل قیمت 156 روپے فی کلو ہو گئی، جبکہ ریٹیل مارکیٹ میں قیمتیں 175 سے 180 روپے فی کلو کے درمیان فروخت ہو رہی ہیں۔عبد الرؤف ابراہیم کا کہنا تھا کہ ملک میں چینی کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور حکومت کی جانب سے چینی کے نرخ مقرر کرنے سے سٹے بازی ختم ہو گئی ہے۔وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کی خبریں بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ میں چینی کی قیمت 164 روپے فی کلو اور یوٹیلیٹی سٹورز پر 153 روپے فی کلو ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کمیٹی چینی کی قیمتوں کی نگرانی کر رہی ہے۔