نیب امتحانات سے متعلق انکوائری نہیں کرسکتا :سندھ ہائیکورٹ

 نیب اگر ہر شکایت پر تحقیقات شروع کرے گا تو پھر پورے ملک کے خلاف کیسز کھلیں گے

آئینی بینچ نے سندھ پبلک سروس کمیشن کے افسروں کے خلاف جاری نیب انکوائری کو ختم  کردیا
 کراچی (آئی این پی )سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے سندھ پبلک سروس کمیشن کے افسروں کے خلاف جاری نیب انکوائری کو ختم کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کمیشن کی جانب سے دائر کردہ درخواست منظور کرتے ہوئے قرار دیا کہ نیب امتحانات سے متعلق انکوائری کرنے کا مجاز نہیں ہے۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ نیب اگر ہر شکایت پر تحقیقات شروع کرے گا تو پھر پورے ملک کے خلاف کیسز کھلیں گے۔ عدالت نے کہا کہ نیب کو امتحانات سے متعلق معاملات کی جانچ کا اختیار حاصل نہیں، اور مارک شیٹس کو قانون کے تحت تحفظ حاصل ہے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر کسی شہری کی درخواست پر وزیراعظم کے خلاف تحقیقات کا کہا جائے، تو کیا نیب ایسا کر سکتا ہے؟ اس پر نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعظم اور صدر پاکستان کو قانونی تحفظ حاصل ہے اور نیب ان کے خلاف تحقیقات نہیں کر سکتا۔