ویب ڈیسک: ملک کے مختلف شہروں میں مرغی اور انڈوں کی قیمتوں میں ملا جلا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔
پشاور میں ایک ہفتے کے دوران زندہ مرغی کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ لاہور اور ملتان میں نرخوں میں کوئی خاص رد و بدل سامنے نہیں آیا۔تفصیلات کے مطابق پشاور میں زندہ مرغی کی فی کلو قیمت 40 روپے اضافے کے بعد 440 روپے سے بڑھ کر 480 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔ ڈیلرز کے مطابق سپلائی میں کمی کے باعث قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ رہا ہے۔دوسری جانب لاہور میں مرغی کے سرکاری نرخ مستحکم رہے۔ زندہ برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 397 روپے فی کلو اور پرچون ریٹ 411 روپے فی کلو برقرار رہا، جبکہ مرغی کے گوشت کی قیمت 595 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ تاہم انڈے ایک روپے مہنگے ہو گئے ہیں جس کے بعد فی درجن انڈوں کی قیمت 296 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ملتان میں بھی صورتحال لاہور سے ملتی جلتی رہی۔ زندہ برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 396 روپے فی کلو اور پرچون ریٹ 410 روپے فی کلو رہا، جبکہ برائلر گوشت 595 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ انڈوں کی قیمت میں ہلکا اضافہ دیکھا گیا ہے اور فی درجن انڈے 295 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق آئندہ دنوں میں سپلائی کے بہتر ہونے یا طلب میں کمی کے ساتھ قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم موجودہ صورتحال میں شہریوں کو خاص طور پر پشاور میں مہنگائی کا سامنا ہے۔