تھیلیسیمیاکی روک تھام بلوچستان حکومت کا نکاح سے پہلے ٹیسٹ لازمی قرار دینے کا فیصلہ

عوام میں آگہی مہم بھی شروع کی جائیگی ، پہلے سے منظور ہونے والے ایکٹ میں ترمیم کی ضرورت پڑی تو وہ بھی کی جائیگی،سیکرٹری صحت  مجیب الرحمن پانیزئی

 کوئٹہ (آئی این پی )بلوچستان حکومت نے صوبے میں تھیلیسیمیا کی روک  تھام کیلئے نکاح سے قبل ایچ بی الیکٹروفوریسس  ٹیسٹ  لازمی قرار  دینے کا فیصلہ کیا ہے۔سیکرٹری صحت وچیئرمین بلوچستان بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی مجیب الرحمن پانیزئی  نے ایک بیان میں کہا ہے کہ  بلوچستان میں قبائلی معاشرہ ہو نے کی وجہ سے کزن میرج کے باعث تھیلیسیمیا کے مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے، اس  لئے  صوبائی حکومت اور محکمہ صحت کے حکام نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ تھیلیسیمیا کی روک تھام کے لئے  نکاح سے قبل ایچ بی الیکٹروفوریسس ٹیسٹ لازمی قرار دیا جائیگا۔ مجیب الرحمان پانیزئی  کا کہناتھا کہ اس حوالے سے پہلے سے منظور ہونے والے ایکٹ میں ترمیم کی ضرورت پڑی تو وہ بھی کی جائیگی۔مجیب الرحمان پانیزئی  نے کہا  ایچ بی الیکٹروفوریسس ٹیسٹ کے حوالے سے عوام کو لیبارٹریز میں سہولت بھی فراہم کی جائیگی، اس حوالے سے عوام میں آگہی مہم بھی شروع کی جائیگی۔