چھوٹے کے قتل کے الزام میں سعودیہ پلٹ بڑا بھائی گرفتار

سی سی ٹی وی فوٹیج نے راز کھول دیا، ملزم نے قتل کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی
گجرات ( خصوصی رپورٹ) گجرات میں چھوٹے بھائی محمد سفیان کو قتل کرنے کے الزام میں سعودی عرب سے خفیہ طور پر پاکستان آنے والے بڑے بھائی محمد بلال کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق 17 اکتوبر کو مقتول کی لاش دولت نگر کے علاقے میں دریکڑی روڈ کے قریب سے ملی تھی، جس کی گردن پر تیز دھار آلے کے زخم تھے جبکہ موٹرسائیکل اور موبائل فون بھی غائب تھے۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم نے اپنے چھوٹے بھائی کو سرپرائز دینے کے بہانے گجرات بلایا، دونوں نے ایک ریستوران میں کھانا کھایا اور واپسی پر ویران مقام پر مبینہ طور پر اسے چھری کے وار کرکے قتل کردیا۔ ملزم مقتول کی موٹرسائیکل اور موبائل فون لے کر فرار ہوگیا تاکہ واردات کو ڈکیتی کا رنگ دیا جاسکے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے قتل کے بعد خود کو سعودی عرب میں موجود ظاہر کیا اور اہل خانہ سے تدفین مو?خر کرنے کا اصرار کرتا رہا، تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج میں دونوں بھائیوں کو اکٹھے دیکھا گیا، جس کے بعد ملزم پر شک مضبوط ہوگیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا، جبکہ مقتول کے والد خالد محمود کے مطابق دونوں بھائیوں کے درمیان وراثتی جائیداد کی تقسیم پر اختلافات تھے۔ ملزم کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے، جبکہ قتل کے محرکات اور دیگر شواہد کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔