تمام پٹرولنگ گاڑیوں میں ٹریکرز نصب کرنے، نائٹ پٹرولنگ مئوثر بنانے کی ہدایت
لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہریوں کے تحفظ، جرائم کے تدارک اور پٹرولنگ کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت صوبے بھر میں پٹرولنگ بڑھانے اور ضلعی پولیس سربراہان کو رات کے اوقات میں جرائم کی روک تھام کے لیے نائٹ پٹرولنگ مزید سخت اور مئوثر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے حکم دیا کہ تمام پٹرولنگ گاڑیوں میں ہر صورت اگلے روز تک ٹریکرز نصب کیے جائیں، جبکہ آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے دفاتر میں گاڑیوں کی ٹریکنگ اور پٹرولنگ کی خود نگرانی کریں۔ آئی جی پنجاب نے ایس ایچ اوز، ایس ڈی پی اوز، ایس پیز اور دیگر سینئر پولیس افسران کو خود فیلڈ میں پٹرولنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس ضمن میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور غفلت پر سخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے سینئر افسران کو تھانوں کے دورے کرکے فرنٹ ڈیسک، حوالات، ریکارڈ روم اور دیگر امور کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، آر پی او فیصل آباد، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور، اے آئی جی آپریشنز اور اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی شریک ہوئے، جبکہ سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جی سائوتھ پنجاب، تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔