سائبر جرائم میں ملوث 24 ملزم گرفتار

 لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں کارروائیاں،غیر قانونی کال سینٹرز سے کمپیوٹرز، موبائل فونز اور غیر ملکی شہریوں کا ڈیٹا برآمد
 لاہور( کرائم رپورٹر)لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں سائبر جرائم کے خلاف کارروائیوں کے دوران 24 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان سی سی آئی اے لاہور کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر کی ہدایت پر فیصل آباد کے دو غیر قانونی کال سینٹرز سے 19 افراد، ملتان میں آن لائن فراڈ اور خاتون کو ہراساں کرنے کے مقدمات میں چار ملزمان جبکہ لاہور میں ریاست مخالف گفتگو کے معاملے پر ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ فیصل آباد میں سوسان روڈ کے قریب زور ویکس سلوشن سے تین افراد گرفتار کرکے تین لیپ ٹاپ اور تین موبائل فون برآمد کیے گئے، جبکہ علی ٹاور میں قائم زینیکس ٹیک سلوشن سے 16 افراد کی گرفتاری کے ساتھ 13 کمپیوٹرز، تین لیپ ٹاپ اور چار موبائل فون قبضے میں لیے گئے۔ حکام کے مطابق دونوں مراکز سے کالنگ سافٹ ویئر، غیر ملکی شہریوں کے پاسپورٹس، ڈرائیونگ لائسنس، بینک اکائونٹس کی تفصیلات، ذاتی تصاویر اور غیر ملکی کاروباری اداروں کا ڈیٹا ملا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان خود کو غیر ملکی کمپنیوں کے نمائندے ظاہر کرکے برطانیہ میں صارفین سے رابطہ کرتے تھے۔ ایک موبائل فون سے واٹس ایپ گفتگو اور ادائیگیوں کے لیے بینک اکائونٹس کی تفصیلات شیئر کرنے کا ریکارڈ بھی ملا۔ ملتان میں آن لائن خریدوفروخت کے فراڈ، ای بے پر سرمایہ کاری کے نام پر رقم ہتھیانے اور خاتون کو نجی ویڈیوز کے ذریعے ہراساں کرنے کے مقدمات میں چار ملزمان گرفتار کیے گئے۔ این سی سی آئی اے نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ عاطف امیر نے سائبر جرائم اور آن لائن مالی فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔