ملیر میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد جیل میں قیدیوں کی چیخ و پکار‘ باہر نکالنے کا مطالبہ
کراچی (آئی این پی )کراچی کے علاقے قائد آباد اور اطراف کے علاقوں میں پیر کی علی الصبح بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، جس کے باعث شہری خوف زدہ ہوگئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق کراچی میں زلزلے کے جھٹکے 3 بجکر 14 منٹ پر محسوس کئے گئے، ریکٹر اسکیل پر زلزلہ کی شدت 3 ریکارڈ کی گئی۔زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلہ کی گہرائی 8 کلومیٹر، مرکز ملیر تھا۔دریں اثنا کراچی کے علاقے ملیر میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ذرائع کے مطابق سرکل 11 کی بیرک نمبر 2 میں قیدیوں نے چیخ و پکار کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی شروع کر دی اور جیل انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ انہیں بیرک سے فوری طور پر باہر نکالا جائے۔ہنگامے کی اطلاع ملتے ہی جیل انتظامیہ نے ممکنہ کشیدگی سے بچنے کے لیے اضافی نفری طلب کر لی۔