کاہنہ: شہری کو حبسِ بے جا میں رکھنے اور تشدد کا الزام، ملزم گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر)کاہنہ کے علاقے گجومتہ میں ایک شہری کو مبینہ طور پر حبسِ بے جا میں رکھنے اور تشدد کرنے کے الزام میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا، جبکہ نامزد مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق شہری کی درخواست پر واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا۔ درخواست گزار نے الزام عائد کیا کہ ملزمان اسے زبردستی چھت پر لے گئے، جہاں ڈنڈوں اور بیلٹ سے مبینہ طور پر تشدد کیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نامزد مرکزی ملزم شہزاد عرف کاکا کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار ملزم کو قانونی کارروائی اور مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔پولیس کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔