فیصل قریشی کے کم ہوتے وزن نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا

فیصل قریشی کے کم ہوتے وزن نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا

پاکستان کے معروف اداکار اور میزبان فیصل قریشی کی حالیہ تصاویر اور ویڈیوز نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی، جہاں ان کے نمایاں طور پر کم ہوتے وزن اور بدلے ہوئے حلیے پر مداحوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

حال ہی میں امریکا میں فیصل قریشی کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر سامنے آئی، جس میں وہ فوڈ بلاگر اور مرحوم معروف گلوکار جنید جمشید کے صاحبزادے تیمور جنید کے ہمراہ دکھائی دیے۔ تصویر میں فیصل قریشی پہلے کے مقابلے میں خاصے دبلا پتلا نظر آئے، جس کے بعد ان کے وزن میں نمایاں کمی سوشل میڈیا پر صارفین کے درمیان گفتگو کا موضوع بن گئی۔فیصل قریشی کی اہلیہ کے ساتھ سامنے آنے والی ایک حالیہ ویڈیو میں بھی مداحوں نے ان کے بدلتے ہوئے حلیے کو محسوس کیا۔ ویڈیو پر متعدد صارفین نے کمنٹس کرتے ہوئے اداکار کی صحت کے بارے میں سوالات اٹھائے اور ان کی خیریت دریافت کی۔دوسری جانب فیصل قریشی ماضی میں اپنے وزن میں کمی کی وجہ ڈائٹ اور پیشہ ورانہ مصروفیات قرار دے چکے ہیں۔

 اداکار کے مطابق وہ اپنے آنے والے کرداروں کے لیے جسمانی تبدیلی اور فٹنس پر توجہ دے رہے ہیں۔سوشل میڈیا پر فیصل قریشی کے نئے لُک کے حوالے سے مختلف تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔ بعض مداح ان کے وزن میں کمی کو نئے کردار کی تیاری قرار دے رہے ہیں، جبکہ کچھ صارفین ان کی صحت کے حوالے سے فکرمند دکھائی دے رہے ہیں۔تاہم فیصل قریشی کی جانب سے حالیہ تصاویر اور ویڈیوز کے بعد اپنی صحت سے متعلق کوئی نئی وضاحت سامنے نہیں آئی۔ ان کے نئے لُک نے بہرحال سوشل میڈیا پر ایک بار پھر خاصی توجہ حاصل کرلی ہے۔