برطانیہ: سٹیج پر اچانک گِرنے والا باڈی بلڈر انتقال کر گیا

لندن (سپورٹس ڈیسک)برطانیہ کے شہر ویکفیلڈ سے تعلق رکھنے والے باڈی بلڈر کی مقابلے کے دوران اسٹیج پر اچانک گرنے کے بعد افسوسناک موت واقع ہوگئی۔میٹیوش چمورا اتوار کے روز ٹیلفورڈ میں ہونے والے پی سی اے برٹش فائنلز میں حصہ لیتے ہوئے اچانک اسٹیج پر گر پڑے۔ٹیلفورڈ انٹرنیشنل سینٹر میں کلاسک میڈیم باڈی بلڈنگ کیٹیگری کے مقابلے میں شریک تھے جہاں زمین پر گرنے کے بعد انہیں فوری طور پر سپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ان کے اچانک گرنے کی وجہ کا تعین تاحال نہیں کیا جا سکا ہے۔منتظمین نے اپنے بیان میں کہا کہ انتظامیہ انتہائی دکھ کے ساتھ اطلاع دے رہی ہے کہ ویکفیلڈ سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ میٹیوش چمورا انتقال کر گئے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ منتظمین موقع پر موجود طبی عملے، حاضرین میں شامل ان تربیت یافتہ طبی ماہرین کے شکر گزار ہیں جنہوں نے مدد کے لیے آگے بڑھ کر کردار ادا کیا، اس کے علاوہ مڈلینڈز ایئر ایمبولینس اور اسپتال کے عملے کی کوششوں کو بھی سراہا گیا۔میٹیوش چمورا اپنے کیریئر کے محض دوسرے باڈی بلڈنگ مقابلے میں حصہ لے رہے تھے۔ اس سے دو ہفتے قبل ہونے والے اپنے پہلے مقابلے میں انہوں نے دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔