کافی کا استعمال بیماریوں کے خطرات میں کمی لا سکتا ہے:ڈاکٹر ارجن سنکرن

جگر ، ذیابیطس، رحم کے کینسر، پارکنسنز اور دل کی بیماریوں پر قابو پانے میں مفید ہے 
دہلی (آئی این پی)بھارتی کینسر سرجن و کنٹینٹ کری ایٹر ڈاکٹر ارجن سنکرن کا کہنا ہے کہ روزانہ مناسب مقدار میں کافی کا استعمال جگر کی بیماریوں، ذیابیطس، رحم کے کینسر، پارکنسنز اور دل کی بیماریوں کے خطرات میں کمی لا سکتا ہے۔کینسر سرجن کے مطابق بعض مطالعات میں کافی پینے والوں میں جگر کی بیماریوں سے موت کا خطرہ 49 فیصد، پارکنسنز کا خطرہ 37 فیصد اور دل کی بیماریوں اور فالج سے اموات کا خطرہ 19 فیصد کم دیکھا گیا ہے۔تحقیقات کے مطابق روزانہ 1 کپ کافی پینے سے ذیابیطس کی دوسری قسم کا خطرہ 8 فیصد، 2 کپ سے 15 فیصد اور 3 کپ سے 21 فیصد تک کم ہونے کا تعلق سامنے آیا ہے۔اسی طرح کافی پینے والی خواتین میں رحم کے کینسر کا خطرہ بھی 20 سے 29 فیصد کم دیکھا گیا ہے۔سرجن نے مشورہ دیا ہے کہ روزانہ 2 سے 3 چھوٹے کپ کافی پیئیں، چینی کم استعمال کریں اور دوپہر 2 بجے کے بعد کافی پینے سے گریز کریں۔