حیدرآباد(آئی این پی)بھارتی ریاست تلنگانہ کے صدر مقام حیدرآباد (دکن)کے علاقے کرنول میں شادی کی خوشیاں سوگ میں تبدیل ہوگئیں، جب دوست اور اسکی دلہن کو تحفہ دیتے ہوئے نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تحفہ دینے والا شخص سٹیج پر کھلکھلاتے چہروں کے درمیان توازن کھوتا ہوا نیچے گرااوردم توڑ گیا۔رپورٹس کے مطابق ومسی نامی یہ شخص بینگلور میں ایمازون کے دفتر میں نوکری کرتا تھا، کرنول کے گائوں میں دوست کی شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچا تھا۔دلہا نے تحفہ لینے کے بعد اسے کھولا تو عین اسی وقت نوجوان بیہوش ہوکر گرنے لگا، وہاں موجود لوگوں نے اسے پکڑنے کی کوشش کی مگر وہ نیچے گر گیا۔ومسی کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا جبکہ اسکی موت کی وجہ دل کا دورہ قرار دیا گیا۔