پاکستان اور بھارت سے تجارتی معاہدے کریں گے:امریکی صدر کی وائٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد/واشنگٹن (یواین پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر پاکستانی عوام اور قیادت کے معترف ہوگئے۔ واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے ایک بار پھر پاکستان کی امن پسندانہ پالیسیوں اور قیادت کی تعریف کی، صدرٹرمپ نے کہا پاکستان کے لوگ اور قیادت اعلی معیار کے حامل ہیں، ہم نے پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی کرائی، پاکستان اور بھارت سے تجارتی معاہدے کریں گے۔وائٹ ہاؤس میں جنوبی افریقہ کے صدر رامافوسا کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنے دعوے کو دوہراتے ہوئے کہا کہ آپ دیکھیں کہ ہم نے پاکستان اور انڈیا کے ساتھ کیا کیا، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں نے کرائی، میں نے پاکستان اور بھارت سے کہا کہ تم لوگ یہ کیا کر رہے ہو؟ دونوں ممالک کے درمیان مسئلہ بڑھتا جا رہا تھا، جس کو دیکھتے ہوئے میں نے فریقین کے درمیان تجارت کے ذریعے تنازع ختم کیا، میں نے ان کا مسئلہ تجارت کے ذریعے یہ معاملہ حل کیا۔