وزیراعلیٰ بلوچستان کا زخمی ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سے رابطہ، مکمل تعاون کی یقین دہانی

وزیراعلیٰ بلوچستان کا زخمی ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سے رابطہ، مکمل تعاون کی یقین دہانی

 وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ میں پیش آنے والے دہشت گرد حملے میں زخمی ہونے والے ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور جلد و مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ نے گفتگو کے دوران زخمی جج کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے علاج اور دیکھ بھال کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ "آپ کی مکمل صحت یابی تک حکومت آپ کا بھرپور خیال رکھے گی اور ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔"میر سرفراز بگٹی نے مستونگ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قانون کے محافظوں پر حملہ ناقابلِ برداشت ہے اور اس میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان عدلیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے اور ایسے بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خلاف ریاست کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو حملہ آوروں کی فوری گرفتاری اور واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔واضح رہے کہ مستونگ میں قومی شاہراہ پر نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ کے نتیجے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین شہید ہوگئے تھے، جبکہ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت دو افراد زخمی ہوئے تھے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔