عوامی تاجر اتحاد کارابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ

 لاہور سمیت ملک کے دیگر شہروں کے مارکیٹیں، بازار اور تجارتی مراکز کا دورہ کیا جائے گا۔ 
 لاہور (خصوصی رپورٹ) عوامی تاجر اتحاد کا اہم اجلاس چیئرمین حاجی میاں محمد اسحاق کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں تاجر رابطہ مہم، تنظیمی ایجنڈے، تاجر برادری کو درپیش مسائل اور آئندہ کے اہداف پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ عوامی تاجر اتحاد جلد ملک گیر تاجر رابطہ مہم کا آغاز کرے گی، جس کے تحت لاہور سمیت ملک کے دیگر شہروں کے مارکیٹیں، بازار اور تجارتی مراکز کا دورہ کیا جائے گا۔ رابطہ مہم کا مقصد تاجر برادری کے مسائل سے براہِ راست آگاہی حاصل کرنا، تجاویز لینا اور عوامی تاجر اتحاد و تاجر برادری کے درمیان رابطے کو مزید موثر بنانا ہے۔اجلاس میں مہنگائی، کاروباری اخراجات میں بے پناہ اضافے، ٹیکس نظام پر اضافی بوجھ، بجلی و گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے تاجروں کو درپیش دیگر مسائل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر شہزاد خان نے کہا کہ عوامی تاجر اتحاد تاجروں و صنعت کاروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر بھرپور آواز اٹھائے گی۔