پرندے بِیٹ کرنے کیلئے کن گاڑیوں کا انتخاب کرتے ہیں؟

لاہور(نیٹ نیوز)یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ صبح آپ دفتر جانے کے لیے گھر سے باہر نکلیں اور اپنی گاڑی کو پرندوں کا ٹوائلٹ بنا دیکھیں تو کتنا غصہ آتا ہے یا جھنجھلاہٹ محسوس ہوتی ہے۔اب ایک تحقیق میں دلچسپ انکشاف کیا گیا ہے کہ آخر کیوں آپ کی گاڑی ہمیشہ پرندوں کی بِیٹ کا نشانہ بن جاتی ہے۔درحقیقت گیراج اور گاڑیوں کے چھجوں سے جڑی کمپنی ایلن فیکٹری آؤٹ لیٹ کی تحقیق میں بتایا گیا کہ صرف انسان ہی گاڑیوں کے برانڈز سے وفادار نہیں ہوتے، درحقیقت ہمارے دوست پرندے بھی مخصوص اقسام اور رنگوں والی گاڑیوں کو ٹوائلٹ کے طور پر استعمال کرنا پسند کرتے ہیں۔اس تحقیق میں امریکا بھر میں ایک ہزار ڈرائیورز سے سروے کیا گیا اور ان سے پرندوں کی 'فضائی بمباری' کے بارے میں تفصیلات حاصل کی گئیں تاکہ معلوم ہوسکے کہ کونسی گاڑیاں اکثر پرندوں کا ہدف بنتی ہیں۔تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ براؤن یا بھوری، سرخ اور سیاہ رنگوں کی گاڑیاں سب سے زیادہ پرندوں کے فضلے سے متاثر ہوتی ہیں۔یہ بھی کہا جاسکتا ہے کہ جب پرندوں کو ٹوائلٹ کی ضرورت ہوتی ہے تو وہ اوپر درج رنگوں والی گاڑیوں کا زیادہ ترجیح دیتے ہیں جبکہ ہلکے رنگ جیسے سفید، سلور یا گرے گاڑیوں میں پرندوں کی 'رنگ سازی'کا خطرہ کم ہوتا ہے۔تحقیق کے مطابق پرندے رنگوں کو انسانوں سے مختلف انداز سے دیکھتے ہیں اور ان میں الٹرا وائلٹ روشنی شناخت کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔تحقیق میں بتایا گیا کہ اسی وجہ سے گاڑیوں کے مخصوص رنگ پرندوں کی نگاہوں میں زیادہ نمایاں ہوتے ہیں اور اسی سے ممکنہ وضاحت ہوتی ہے کہ ایسی گاڑیاں ان کا ہدف بنتی ہیں۔درحقیقت پرندے جتنا وقت ایسے رنگوں والی گاڑیوں کے قریب گزاریں گے، بِیٹ کا امکان اتنا زیادہ ہوگا۔تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ کم از کم امریکا میں پرندے گاڑیوں کے مخصوص برانڈز کو اس مقصد کے لیے زیادہ پسند کرتے ہیں، جیسے ٹیسلا، پک اپ ٹرک اور ڈاج وغیرہ۔تحقیق میں جن افراد سے سروے کیا گیا، ان میں سے 29 فیصد کا تو ماننا ہے کہ پرندے ان کی گاڑی کو جان بوجھ کر ہدف بناتے ہیں۔یہ بھی دریافت کیا گیا کہ گاڑیوں کی پارکنگ کا مقام بھی اس حوالے سے اہم کردار ادا کرتا ہے۔پرندے بجلی کی تاروں اور درختوں کی شاخوں سے بِیٹ کرنا پسند کرتے ہیں اور نیچے گاڑی موجود ہو تو وہ ان کا ہدف بن جاتی ہے۔