یوٹیوبر رجب بٹ پر فائرنگ: چوہنگ پولیس نے شوٹرز اور حملے کے ماسٹر مائنڈز کا سراغ لگا لیا

یوٹیوبر رجب بٹ پر فائرنگ: چوہنگ پولیس نے شوٹرز اور حملے کے ماسٹر مائنڈز کا سراغ لگا لیا

ویب ڈیسک: لاہور کے علاقے چوہنگ میں معروف یوٹیوبر رجب بٹ کے گھر پر فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

 پولیس نے حملہ آوروں اور منصوبہ بندی کرنے والے عناصر کی شناخت کر لی ہے، جن کا تعلق راولپنڈی کے بدنام سوشل میڈیا گروپ "ٹرپل تھری گروپ" سے ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق اس حملے کی منصوبہ بندی شہزاد بھٹی، شانی ٹائیگر اور فرخ کھوکھر نے کی تھی۔ شانی ٹائیگر نے فائرنگ کے لیے اپنے سکیورٹی گارڈز فخر اور کاشف کو استعمال کیا، جو خیبرپختونخوا سے تعلق رکھتے ہیں۔ فائرنگ کرنے والے گروہ کو لاہور میں شانی کے رشتہ داروں کی طرف سے قیام، رسد اور سہولت فراہم کی گئی۔

واقعے کی تفصیل:

مسلح گروہ 9 افراد پر مشتمل تھا، جو ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں رجب بٹ کے گھر پہنچا۔حملے میں فائرنگ کی گئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔لاہور میں موجود کئی سہولت کاروں کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔شانی ٹائیگر اور شہزاد بھٹی مبینہ طور پر ملک سے فرار ہو چکے ہیں۔پولیس ان کے بیرون ملک فرار کی تصدیق کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہے۔
یہ حملہ یوٹیوبر رجب بٹ اور شہزاد بھٹی کے درمیان سوشل میڈیا پر جاری تلخ کلامی کے بعد پیش آیا، جس نے ذاتی رنجش کو سنگین نوعیت دے دی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف مکمل قانونی کارروائی کی جائے گی، اور فرار ہونے والوں کو بھی جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔