بھارتی اداکارہ انیتا کنول مالی مشکلات کا شکار

 بچوں پر انحصار نہیں کرنا چاہتی، دوبارہ اداکاری شروع کرنے کی خواہشمند
ممبئی (شوبز ڈیسک)بھارتی سینئر اداکارہ انیتا کنول نے انکشاف کیا ہے کہ میری جمع پونجی تیزی سے ختم ہو رہی ہے اور موجودہ حالات میں میرے اخراجات پورے کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایک حالیہ انٹرویو کے دوران انیتا کنول نے بتایا کہ میری بچت اب صرف 1 سال تک چل سکتی ہے، اس لیے میں جلد دوبارہ اداکاری شروع کرنا چاہتی ہوں۔انیتا کنول نے بتایا کہ میرے بچے مالی مدد کے لیے تیار ہیں مگر میں اپنے بچوں پر انحصار نہیں کرنا چاہتی، میں اپنی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ اپنے بچوں کو تحائف دینے اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کے قابل رہنا چاہتی ہوں۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ میرے پاس ایک خوبصورت گھر ہے جس کی تعمیر میں میرے والدین نے بھی حصہ ڈالا تھا جبکہ گھر کے لیے لیا گیا قرض ادا کر چکی ہوں، یہی میرا واحد بڑا اثاثہ ہے جبکہ میری جمع پونجی ختم ہونے کے قریب ہے۔ان کا کہنا ہے کہ کام کرنا صرف مالی ضروریات کے لیے نہیں بلکہ ذہنی سکون کے لیے بھی اہم ہے۔