فیڈریشن کی تادیبی کونسل نے 41 سالہ فارورڈ کھلاڑی کے خلاف عائد الزام کو مکمل طور پر برقرار ر کھا، 255 یورو جرمانہ بھی عائد کیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پرتگال فٹ بال فیڈریشن نے کرسٹیانو رونالڈو پر 30 روزہ پابندی عائد کر دی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رونالڈو نے ٹیم میں اپنے کردار پر کوچ جارجے ڑیزس سے اختلاف کے بعد قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑ دیا تھا۔فیڈریشن کی تادیبی کونسل نے 41 سالہ فارورڈ کھلاڑی کے خلاف عائد الزام کو مکمل طور پر برقرار رکھتے ہوئے ان پر 255 یورو (285.83 امریکی ڈالرز) جرمانہ بھی عائد کیا۔رونالڈو نے رواں ماہ ڈنمارک کے خلاف نیشنز لیگ کے میچ سے قبل کوپن ہیگن میں پرتگال کا تربیتی کیمپ چھوڑ دیا تھا، اس سے قبل ناروے کے خلاف میچ میں انہیں متبادل کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا تھا، تاہم میدان میں اترنے کا موقع نہیں ملا۔رونالڈو نے الزام عائد کیا تھا کہ کوچ جارجے ڑیزس نے ٹیم میں میرے کردار کے حوالے سے 2 مرتبہ اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔جارجے ڑیزس نے رونالڈو کے ساتھ کسی معاہدے کی موجودگی کی تردید کی تھی، تاہم پرتگال کی 1-2 سے کامیابی کے بعد انہوں نے رونالڈو کی واپسی کا امکان مسترد نہیں کیا۔فیڈریشن کی تادیبی کونسل کے غیر پیشہ ورانہ امور سے متعلق شعبے کے مطابق رونالڈو نے جان بوجھ کر فیڈریشن کے تادیبی ضوابط کی شق 160(1) کے تحت جرم کا ارتکاب کیا۔اس معاملے میں کارروائی متعلقہ واقعات کی رپورٹ درج ہونے کے 2 روز بعد 9 اکتوبر کو شروع کی گئی۔