لاہور کے علاقے مصری شاہ میں افسوسناک حادثے میں ایک 70 سالہ بزرگ ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب بزرگ شہری ریلوے ٹریک عبور کر رہے تھے کہ اچانک تیز رفتار ٹرین آ گئی، جو انہیں اپنی لپیٹ میں لے گئی۔ حادثے کے نتیجے میں بزرگ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت بشیر کے نام سے ہوئی ہے، اور ابتدائی معلومات کے مطابق ان کا ذہنی توازن درست نہیں تھا۔ حادثے کے وقت وہ ممکنہ طور پر حالات کا ادراک کرنے سے قاصر تھے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔ قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کی جائے گی۔ریلوے ٹریک کے قریب مناسب حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث ایسے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔ مقامی شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوے کراسنگز پر مزید حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔