سلمان اور قاسم آتے ہیں توسیاست پلٹا کھائے گی، پی ٹی آئی کو وہ لوگ چاہئیں جو اسٹیبلشمنٹ تک بات پہنچا سکتے ہوں
اسلام آباد(آئی این پی )بق وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی موجودہ لیڈر شپ کے تِلوں میں تیل نہیں کہ تحریک چلا سکے گی،اگر سلمان اور قاسم آتے ہیں توپھر سیاست پلٹا کھائے گی، پی ٹی آئی کو اس وقت وہ لوگ چاہئیں جو اسٹیبلشمنٹ تک بات پہنچا سکتے ہوں۔ ایک انٹرو یو میں انہوں نے کا کہ سیاسی جماعتوں میں مختلف مصالحے چاہیے ہوتے ہیں، ایسا بھی نہیں کہ سب پیسے والے لوگ ہونے چاہئیں، ہمارے سیاسی جماعتوں میں بحران ہے کہ وہ تنظیمی سازی نہیں کرتے،پاکستان میں اسٹیبلشمنٹ نے کسی سیاسی جماعت کو منظم نہیں ہونے دیا، جب کوئی جماعت کھڑی ہوتی ہے پیچھے پڑ جاتے ہیں، اسی وجہ سے پاکستان کی جمہوریت اور نظام کا ایک یہ مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا اسٹیبلشمنٹ کو ناراض کرنے کی ضرورت نہیں ہے، ملک کو اس وقت گرینڈ سیاسی ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، اسٹیبلشمنٹ کو بھی اس مذاکرات کا حصہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں اب ہارس ٹریڈنگ کی شکل بدل گئی ہے ، پہلے امیدوار پیسے خرچ کرکے ووٹرز کو خریدتے تھے، اب سیاسی جماعتیں خودسیٹیں آپس میں طے کرلیتی ہیں، پہلے امیدوار ووٹرز کو خریدتا تھا اب سیاسی جماعتیں خرید ی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اس وقت وہ لوگ چاہئیں جو اسٹیبلشمنٹ تک بات پہنچا سکتے ہوں، بڑی زیادتی یہ ہوئی کہ پارٹی کے دبا ئومیں اسٹیبلشمنٹ سے تعلق منقطع کرلیا، پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ تک اپنی کوئی بات نہیں پہنچا سکتی، وہاں صرف ہمارے خلاف بات ہوتی ہے۔ پی ٹی آئی میں اس وقت کوئی لیڈرشپ نہیں، اگر سلمان اور قاسم آتے ہیں پھر سیاسی ماحول ضرور بنے گا، موجودہ لیڈر شپ کے تلوں میں تیل نہیں ہے۔