لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان کو ہاکی میں عالمی اعزازات دلوانے والے سابق اولمپیئن زاہد شریف نے شدید مالی مشکلات کے باعث حکومت سے مدد کی اپیل کر دی۔زاہد شریف نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ اکتوبر 2015ء میں مجھے دل کا دورہ پڑا اور فالج کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث 2 سے 3 سال تک بستر سے اٹھنے کے قابل نہیں رہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ بیماری نے میری زندگی اور معاشی حالات کو بری طرح متاثر کیا، بیماری کے بعد میں نے ایک ریسٹورنٹ چلانے کی کوشش کی لیکن جسمانی مشکلات کے باعث میں کاروبار نہیں سنبھال سکا اور بھاری قرضوں کا سامنا کرنا پڑا، اب یہ صورتِ حال ہے کہ بنیادی ضروریات پوری کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔زاہد شریف نے بتایا کہ میری ادویات پر ماہانہ تقریباً 10 سے 11 ہزار روپے خرچ ہوتے ہیں، میرے لیے بچوں کی اسکول فیس ادا کرنا بھی مشکل ہے، جس کی وجہ سے بچے اسکول نہیں جاتے۔انہوں نے بتایا کہ پہلے پنجاب اسپورٹس بورڈ کی جانب سے مجھے ماہانہ 35 ہزار روپے وظیفہ دیا جاتا تھا لیکن اب یہ ادائیگی بند کر دی گئی ہے۔