لاہور (کرائم رپورٹر )لیسکو کی گرین ٹائون سب ڈویڑن میں بجلی چوری پکڑنے پر عملے سے گالم گلوچ ،دھمکیوں پر ملزم گرفتار،پسٹل برآمد کرلیاگیا۔ لیسکو ترجمان کے مطابق ریکوری ٹیم نے نادہندہ صارف دلنواز کے کنکشن کو چیک کیا، جہاں ڈائریکٹ سپلائی سیبجلی چوری ہورہی تھی۔ عملہ نے بجلی چوری کی ویڈیو بناکر نادہندگی پر کنکشن منقطع کر دیا۔ بعد ازاں دلنواز بھائی سمیر کے ہمراہ گرین ٹائون دفتر پہنچا اور دونوں نے عملے سے گالم گلوچ شروع کردی۔مسلح ملزموں نے ڈی سی او انچارج زاہد کو قتل کی کوشش کی، لیسکو ملازمین اور دفتر میں موجود عوام کو اسلحہ دکھا کر ہراساں کیا اورسرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔موقع پر موجود افراد اور لیسکو ملازمین نے مسلح ملزم کو قابو کرلیا، بعد میں 15 پر اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم سے پسٹل برآمد کرکے اسے گرفتار کرلیا۔ ملزموں کیخلاف اندراج مقدمہ اور مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔