راولپنڈی: انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم آج 21 سال بعد پاکستانی سرزمین پر ون ڈے میچ کھیلنے کے لیے تیار ہے، جہاں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں سہ ملکی سیریز کے دوسرے میچ میں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والا یہ مقابلہ کئی حوالوں سے اہمیت کا حامل ہے۔ دونوں ٹیمیں سیریز میں بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے میدان میں اتریں گی، جبکہ شائقین کرکٹ کو دونوں جانب سے دلچسپ مقابلے کی توقع ہے۔
پاکستان میں آخری ون ڈے میچ 2005 میں کھیلا گیا
انگلینڈ نے آخری مرتبہ 2005 میں ون ڈے سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پاکستانی سرزمین پر آخری ون ڈے میچ 21 دسمبر 2005 کو کھیلا گیا، جس میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی تھی، تاہم پانچ میچوں کی سیریز پاکستان نے 2-3 سے اپنے نام کی تھی۔اس کے بعد انگلینڈ نے 2025 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوران پاکستان میں تین ون ڈے میچز کھیلے، لیکن اسے تینوں مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یوں انگلش ٹیم اب ایک مرتبہ پھر پاکستان میں ون ڈے کرکٹ کھیلنے کے لیے میدان میں اترے گی۔
انگلینڈ کی پاکستان میں آخری ون ڈے سیریز فتح 1987-88 میں
انگلینڈ نے پاکستان میں آخری مرتبہ ون ڈے سیریز 1987-88 میں جیتی تھی۔ حال ہی میں سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں 1-2 سے شکست دینے کے بعد انگلش ٹیم پاکستان کے خلاف بھی اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کرے گی۔دوسری جانب پاکستان کی ٹیم اپنی سرزمین پر کھیلی گئی آخری تین ون ڈے سیریز میں ناقابل شکست رہی ہے۔ قومی ٹیم اس سلسلے کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہوگی۔
آئی سی سی رینکنگ میں دونوں ٹیموں کی پوزیشن
موجودہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں انگلینڈ چوتھے جبکہ پاکستان پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ رینکنگ میں دونوں ٹیموں کی قریبی پوزیشن اس مقابلے کو مزید اہم بناتی ہے، تاہم میچ میں کامیابی کا انحصار کھلاڑیوں کی کارکردگی پر ہوگا۔
شاہین آفریدی اور جو روٹ کے پاس اہم سنگ میل عبور کرنے کا موقع
آج کے میچ میں پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور انگلینڈ کے تجربہ کار بیٹر جو روٹ بھی اہم انفرادی سنگ میل عبور کرسکتے ہیں۔شاہین آفریدی کو ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 150 وکٹیں مکمل کرنے کے لیے صرف ایک وکٹ درکار ہے۔ اگر وہ آج یہ وکٹ حاصل کرلیتے ہیں تو ان کے کیریئر میں ایک اور اہم اعزاز کا اضافہ ہوجائے گا۔دوسری جانب جو روٹ کو انگلینڈ کی جانب سے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 8 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے مزید 97 رنز درکار ہیں۔ وہ یہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تو انگلینڈ کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں 8 ہزار رنز بنانے والے پہلے بیٹر بن جائیں گے۔