چاند سکڑنے لگا، سطح پر 10 ہزار نئی دراڑیں، زلزلوں کا خدشہ بڑھ گیا

400 ملین سال کے دوران چاند کا نصف قطر تقریبا 45 میٹر کم ہوا ہے:تحقیقاتی رپورٹ
نیویارک(آئی این پی) چاند مسلسل سکڑ رہا ہے اور اس کی سطح پر 10,000 سے زائد نئی دراڑوں کا انکشاف ہوا ہے جس سے مستقبل میں چاند پر بھیجے جانے والے خلائی مشنز کی سلامتی سے متعلق خدشات بڑھ گئے۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سیاروں کے سائنسی جریدے میں 14 اکتوبر کو شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 400 ملین سال کے دوران چاند کا نصف قطر تقریبا 45 میٹر کم ہوا ہے۔تحقیق امریکی اسمتھ سونین ادارے کے سائنس دان تھامس آر واٹرز کی سربراہی میں کی گئی جس میں چاند کے گرد گردش کرنے والے خلائی جہاز کے کیمرے سے حاصل کردہ تصاویر کا تجزیہ کیا گیا۔سائنس دانوں نے 17 سال کے دوران حاصل کی گئی لاکھوں تصاویر کا جائزہ لے کر چاند کی ساخت اور اس میں ہونے والی تبدیلیوں کا مطالعہ کیا۔