علیمہ خان کی گرفتاری کیلئے راولپنڈی پولیس کی ٹیم متحرک

دہشتگردی کے مقدمہ میں پی ٹی آئی وکلاکوگرفتارکرکے پیش کرنے کا حکم 
4 اکتوبر،26 نومبر احتجاج مقدمات میں غیر حاضر ملزموں کے وارنٹ گرفتاری 
راولپنڈی ،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)راولپنڈی پولیس کی ٹیم نومبر احتجاج کے تھانہ صادق آباد کے مقدمہ میں علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری لیکر لاہور روانہ ہو گئی ،تھانہ صادق آباد پولیس کی خصوصی ٹیم متعلقہ تھانہ میں اپنی آمد کی رپٹ درج کروا کر وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے لیے جائے گی، علیمہ خان کے وارنٹ پر 14 اپر مال روڈ لاہور کاپتہ درج ہے، راولپنڈی کے رہائشی عمر شریف نے ملزمہ کی ضمانت کے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروائے تھے ،سمن میں عدالت نے قرار دیا کہ ملزمہ کو 20 اکتوبر کو پیش نہ کیا تو ضامن کیخلاف عدالتی کارروائی شروع ہو گی ۔علاوہ ازیں انسداددہشتگردی کی عدالت نے تحریک انصاف کے وکلا کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے،پی ٹی آئی کے وکلا پر تھانہ رمنا میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے،عدالت نے نعیم حیدر پنجوتھا، فتح اللہ برکی، انصر کیانی اور علی اعجاز بٹر کے وارنٹ جاری کئے، جبکہ ملزموں کے ضمانتی کو بھی نوٹس جاری کیا گیا۔عدالت نے متعلقہ وکلا کو گرفتار کرکے عدالت پیش کرنے کا حکم جاری کیا ہے،اس کے علاوہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف عدت میں نکاح کی سماعت کے دوران خاور مانیکا پر مبینہ تشدد کا کیس بھی سامنے آیا۔ادھرانسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف 4 اکتوبر اور 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمات میں تھامہ سمبل کے مقدمہ کے چالان کی نقول ملزموں میں تقسیم کر دیں ،جبکہ غیر حاضر ملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔