عید کی تعطیلات میں خفیہ پارٹیوں میں منشیات کے بڑھتے استعمال پر والدین کیلئے ہنگامی وارننگ جاری

عید کی تعطیلات میں خفیہ پارٹیوں میں منشیات کے بڑھتے استعمال پر والدین کیلئے ہنگامی وارننگ جاری

ڈرگ ایڈوائزری ٹریننگ حب نے عید کے دوران خفیہ پارٹیوں میں منشیات کے بڑھتے استعمال پر وارننگ جاری کر دی۔

کنسلٹنٹ انسداد منشیات سید ذوالفقار حسین نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اس بات کا خیال رکھیں کہ ان کا بچہ نہ تو منشیات استعمال کر رہا ہو اور نہ ہی نشہ فروخت میں ملوث ہو۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور میں خفیہ ڈانس پارٹیوں کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے، جہاں شرکاء STC اور Ecstasy جیسی ٹیبلٹس کے ذریعے نشہ کرتے ہیں۔عید کی چھٹیوں میں عام ڈرگز جیسے شراب، چرس کے ساتھ کرسٹل آئس، ایس ٹی سی، ایل ایس ڈی، کوکین اور ویڈ بھی استعمال کیے جاتے ہیں، اور یہ رجحان معمول سے 20 تا 25 فیصد زیادہ بڑھ جاتا ہے۔

سید ذوالفقار حسین نے کہا کہ مختلف علاقوں جیسے ڈیفنس، بحریہ ٹاؤن، برکی روڈ، رائے ونڈ، بیدیاں روڈ اور دیگر ہاؤسنگ سوسائیٹیز میں عید ملن کے نام پر خفیہ پارٹیوں کا انعقاد ہوگا۔ انہوں نے والدین اور نوجوانوں کو خبردار کیا کہ جلد بازی یا شوق میں منشیات کا استعمال انسانی زندگی کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ زیادہ مقدار یا اوورڈوز موت کا سبب بن سکتی ہے۔یہ ایڈوائزری نوجوانوں کی حفاظت اور والدین کی آگاہی کے لیے جاری کی گئی ہے تاکہ عید کے موقع پر نشہ آور مواد سے تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔