ایران بھی پاکستان کے امریکہ سے تعلقات بہتر ہونے پر خوش ہوگا:سابق سیکرٹری خارجہ
اسلام آباد(آئی این پی )سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری نے کہا ہے پاک امریکہ تعلقات سے اسلام آباد خوش اور دہلی پریشان ہے۔ایک انٹرویو میں اعزاز چودھری نے کہا کہ صدر ٹرمپ اور فیلڈ مارشل کی ملاقات خوش آئند ہے،یہ اہم ملاقات پاکستان کے لیے اچھی خبر ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ تعلقات اچھے ہی رہنے چاہئیں، ہم کبھی نہیں چاہتے کہ امریکا چین مقابلے میں پھنس جائیں،پاکستان کے ساتھ چین کے بہت قریبی تعلقات ہیں، جو ثابت بھی ہوگیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے لیے امریکا سے تعلقات رکھنا بھی ضروری ہے‘ ایران بھی پاکستان کے امریکا سے تعلقات بہتر ہونے پر خوش ہوگا، ایران کو پتہ ہے کہ پاکستان امریکا سے ایران کے حق کی بات کرے گا۔