پاکستان کو صدارت مل گئی

اردن کے وزیر سامی سمیراط نے پاکستان کی ڈیجیٹل تعاون کونسل کی 2026 کی صدارت کا اعلان کیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونی کیشن کی بڑی کامیابی اور ڈیجیٹل تعاون میں قائدانہ کردار کے اعتراف میں پاکستان کو ڈیجیٹل تعاون کونسل کی 2026 میں صدارت اور 2025 میں ایگزیکٹو کمیٹی کی نشست دے دی گئی ہے۔اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق اردن کے وزیر برائے ڈیجیٹل معیشت اور کاروبار سامی سمیراط نے پاکستان کی صدارت کا اعلان کیا ۔وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن سے جاری بیان کے مطابق ڈیجیٹل تعاون میں پاکستان کے قائدانہ کردار کے اعتراف میں پاکستان کو ڈی سی او ایگزیکٹو کمیٹی میں نشست مل گئی ہے۔بیان میں بتایا گیا کہ وزیر مملکت شزہ فاطمہ خواجہ نے ڈیجیٹل ترقی کے عالمی منظرنامے میں پاکستان کی مؤثر نمائندگی اور ڈی سی او جنرل اسمبلی میں بھرپور شرکت کی اور ڈی سی او جنرل اسمبلی سے خطاب میں پاکستان کی ڈیجیٹل سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیا۔