لاہور: رواں سال بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور نے نویں جماعت کے طلبہ کے لیے اہم اعلان کیا ہے۔
بورڈ حکام کے مطابق 2024ء کے "رزلٹ کارڈ" کی ہارڈ کاپی جاری نہیں کی جائے گی، جبکہ امیدوار اپنی مارک شیٹ کی فوٹو کاپی بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ سے بالکل مفت ڈاؤن لوڈ اور پرنٹ کر سکیں گے۔سیکرٹری لاہور بورڈ نے بتایا کہ مستقبل قریب میں میٹرک اور سیکنڈ ایئر کے رزلٹ کارڈ بھی آن لائن فراہم کر دیے جائیں گے تاکہ طلبہ کو سہولت حاصل ہو اور بورڈ کے کاغذی اخراجات میں بھی کمی لائی جا سکے۔کنٹرولر امتحانات نے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال نویں جماعت کے امتحانات میں لڑکیوں نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ نتائج کے مطابق لڑکیوں کا کامیابی تناسب 58 فیصد رہا جبکہ لڑکوں کا صرف 35 فیصد رہا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لڑکیوں کی کارکردگی مجموعی طور پر بہتر رہی۔بورڈ کے اس فیصلے کو طلبہ اور والدین کی بڑی تعداد نے سہولت قرار دیا ہے تاہم کچھ حلقے انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کے باعث دور دراز کے علاقوں کے طلبہ کو مشکلات درپیش آنے کے خدشات بھی ظاہر کر رہے ہیں۔