پارٹی رہنمائوں کو یقین دلایا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سے وضاحت لی جائے گی اور تمام مسائل حل کئے جائیں گے ایوان صدر
اسلام آباد(آن لائن)پیپلز پارٹی بلوچستان کی قیادت اور حکومت سے تحفظات کے معاملے پر صدر مملکت آصف زرداری نے دورہ بلوچستان کا فیصلہ کر لیا ہے اور صدر نے پارٹی رہنمائوں کو یقین دلایا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سے وضاحت لی جائے گی اور تمام مسائل حل کئے جائیں گے ۔ ذرائع ایوان صدر کے مطابق پیپلز پارٹی بلوچستان کی قیادت اور وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی سے ملیں گے۔صدر مملکت آصف علی زرداری کی بلوچستان کے امور پر بڑی مشاورت ہوئی ہے ۔ذرائع کے مطابق ایوان صدر میں ہوئی بیٹھک میں بلوچستان حکومت کی کارکردگی، ارکان کو فنڈز فراہمی سمیت کئی امور زیر غور آئے،پیپلز پارٹی کے ارکان نے صدر مملکت کے سامنے ایک بار پھر شکایات کے انبار لگائے۔صدر نے یقین دلایا کہ وزیراعلی بلوچستان سے اس معاملے پر وضاحت لی جائیگی، صدر مملکت نے بلوچستان کے سیاسی منظر نامے، مستقبل سے متعلق بھی ارکان کو اعتماد میں لیا۔صدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور ورکرز کا کبھی استحصال نہیں ہوگا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں اکا دکا رہنماؤں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی حمایت بھی کی، گزشتہ ملاقات میں بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا مگر مسائل حل نہ ہونے پر دوبارہ صدر مملکت کو آگاہ کیا گیا، صدر مملکت آصف علی زرداری نے اب مسائل کی مکمل حل بارے یقین دہانی کرائی ہے۔