پاک، بھارت جنگ بندی برقرار

 معیاد ختم ہونے کی کوئی تاریخ مقرر نہیں :بھارتی فوج ،بھارت کا بیانیہ ناکام ،دنیا نے ہماری بات کوسچ مانا :اسحاق ڈار
نئی دہلی،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ 12 مئی کو پاکستان اور بھارت کے درمیان طے پایا جانے والا جنگ بندی کا معاہدہ ختم نہیں ہوا ہے۔بھارتی فوج کی جانب سے جاری بیان میں ان خبروں کی تردید کی گئی ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والا معاہدہ عارضی تھا جو18مئی اتوار کے روز ختم ہو رہا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ جہاں تک دونوں ملکوں کے ڈائیریکٹر جنرلز ملٹری آپریشنز کے درمیان ہونے والے جنگ بندی معاہدے کی بات ہے تو اس کی میعاد ختم ہونے کی کوئی تاریخ نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اتوار کو دونوں ملکوں کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان کوئی بات چیت شیڈول نہیں تھی۔یاد رہے جمعرات کو پاکستان کی ایوان بالا سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی میں 18 مئی تک توسیع کر دی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان 15 مئی کو رابطہ ہوا تھا جس میں جنگ بندی میں اتوار تک توسیع پر اتفاق ہوا۔علاوہ ازیں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت اس مرتبہ اپنا بیانیہ بنانے میں ناکام رہا، ہم نے جو بات کی دنیا نے کہا یہ ہی سچ ہے، ہماری جیت ہوئی۔ایک انٹرویو میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سفارتی سطح پر جو ذمہ داری تھی وہ بخوبی نبھائی ہے، 60 سے زائد ممالک سے میرا رابطہ ہوا، 100 سے زائد رابطے سفارتکاروں نے کئے ، پاکستان میں موجود سفارتکاروں کو بھی بریفنگ دیتے رہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت پراپیگنڈا کرتا رہا جبکہ پاکستان نے کہا ہم کچھ کرینگے تو دنیا کو پتہ چل جائیگا، الحمدللہ ہم نے جو کیا وہ دنیا نے دیکھا اور آج سب اس پر بات بھی کررہے ہیں۔پاکستان نے کسی ملک کو نہیں کہا کہ سیزفائر کرادیں،امریکی سیکرٹری سٹیٹ نے کال کی کہا بھارت سیزفائر کیلئے تیار ہے،انہیں جواب دیا کہ بھارت تیار ہے تو ہم بھی تیار ہیں اوراگربھارت نیدوبارہ حملہ کیاتوہم بھی جواب دینگے۔ان کاکہناتھاکہ پاکستان کا پہلگام واقعہ سے کوئی لینا دینا نہیں، ہم نے تو پہلگام واقعے کی شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کرانے کی پیشکش کی،بھارت خود کو خطے کا تھانیدار سمجھ بیٹھا تھا لیکن یہ کبھی نہیں ہوسکتا۔وزیرخارجہ نے کہا کہ ہرچیز دیکھ رہے ہیں، بھارت پانی روکنے کا بندوبست راتوں رات نہیں کرسکتا، ملٹری لیول پر ابھی بات جاری ہے، اگلا مرحلہ ڈائیلاگ کا ہوگا۔