کراچی کنگز نے فائنل 4 کیلئے کوالیفائی کر لیا

 پشاور زلمی کی ٹیم 238 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 214 رنز تک محدود رہی، بابر اعظم نے94 رنز بنائے لیکن ٹیم کوفتح سے ہمکنار نہ کر سکے
 راولپنڈی(سپورٹس ڈیسک)بابر اعظم کی شاندار اننگ رائیگاں، پی ایس ایل 10 کے پلے آف مرحلے میں پہنچنے والی دوسری ٹیم کا بھی فیصلہ ہو گیا، پشاور زلمی کو شکست دے کر کراچی کنگز نے فائنل 4 مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا ۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے 27ویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 23 رنز سے شکست دے کر اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کی ٹیم 238 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 214 رنز تک محدود رہی۔پشاور زلمی کی طرف سے بابر اعظم نے94 رنز بنائے لیکن ٹیم کوفتح سے ہمکنار نہ کر سکے صائم ایوب 47 اور ٹام کوہیلر 20 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، معاذ صداقت 19 اور حسین طلعت 12 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔کراچی کنگز کے عباس آفریدی نے 2، حسن علی اور میر حمزہ نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔اس سے قبل کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 238 رنز کا ہدف دیا، ڈیوڈ وارنر نے 86 اور جیمز ونس نے 72 رنز بنائے، دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ پر 162 رنز کی شراکت قائم کی۔جیمز ونس آوٹ ہونے والے کراچی کنگز کے دوسرے کھلاڑی تھے، انہوں نے 42 گیندوں پر 11 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 72 رنز بنائے جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 86 رنز 50 گیندوں پر بنائے، انہوں نے 11 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔کراچی کنگز کے خوشدل شاہ نے 15 گیندوں پر 43 اور محمد نبی نے 10 گیندوں پر 26 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ پر 237 رنز اسکور کیے، پشاور زلمی کے لیوک ووڈ نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔