اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت اور تاجروں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد تاجر برادری نے آج ہفتے کی ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال ملتوی کردی۔ تاجروں کا کہنا ہے حکومت نے مطالبات مان لئے، ایف بی آر کو ملے اختیارات فی الحال استعمال نہیں کیے جائیں گے۔یہ بات مذاکرات کے بعد ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے دیگر تاجر تنظیموں اور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا ملک بھر کی بزنس کمیونٹی نے فیصلہ کیا ہے ہڑتال نہیں کی جائے گی پورے پاکستان کی ٹریڈ باڈیز ہمارے ساتھ ہیں، فیڈریشن کسی کے ساتھ لڑائی جھگڑا نہیں کرنا چاہتی، ہم چاہتے ہیں مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کیا جائے۔صدر ایف پی سی سی آئی کا کہنا تھا فنانس ایکٹ کی مختلف ترامیم پر ہمارے تحفظات تھے حکومت نے فنانس ایکٹ کے آرٹیکل 37 اے پر نظر ثانی کی یقین دہانی کرائی ہے اس معاملے پر چار رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ فنانس ایکٹ کے آرٹیکل 40 بی پر بھی نظر ثانی کا اعلان کیا گیا ہے۔عاطف اکرام شیخ کا کہنا تھا وزیر اعظم شہباز شریف ان تجاویز کی حتمی منظوری دیں گے۔انہوں نے کہا آج ہڑتال نہیں ہوگی تاہم ممکن ہے ایک دو جگہوں پر ہڑتال ہو۔سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی ثاقب فیاض مگوں نے کہا گوجرانولہ ، کوئٹہ ،کراچی ، لاہور اور فیصل آباد چیمبرز آف کامرس کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک تھیملک بھر کی بزنس کمیونٹی نے فیصلہ کیا ہے ہڑتال نہیں کی جائے گی۔صدر انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا پہلی بار فیڈریشن اور انجمن تاجران ایک ساتھ کھڑے ہیں، ابھی ملک گیر ہڑتال کی ضرورت نہیں ہے، حکومت کے ساتھ چار گھنٹے مذاکرات کیے ، وزیر اعظم نے ہارون اختر کو مسائل کرنے کا اختیار دیا ہے۔