پرائیویٹ کلینکس، ہسپتال 2گھنٹے بند رکھے، احتجاج بڑھانے کی دھمکی
ہسپتالوں سے ایف بی آر نمائندے واپس بلائیں، ڈاکٹر خوشنود، معاویہ
اوکاڑہ (خصوصی رپورٹ)اوکاڑہ بھر میں پی او ایس ٹیکس کے خلاف ڈاکٹرز نیجمعرات کو دو گھنٹے کی ٹوکن ہڑتال کی ،تمام پرائیویٹ کلینکس اور ہسپتال بند رکھے گئے۔جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پی ایم اے ہا ئوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگر پنجاب حکومت نے پی او ایس ٹیکس واپس نہ لیا تو ہم پہلے مرحلے میں ضلع بھر میں تمام پرائیویٹ کلینکس اور ہسپتال بند کردیں گے اور سرکاری ہسپتال میں بھی او پی ڈی کو بند کرنے کی درخواست کریں گے ،اس کے بعد صوبائی سطح پر اور پھر مرکزی سطح پر احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر نائب صدر پی ایم اے اوکاڑہ ڈاکٹر خوشنود انوار تھہیم نے کہا ہم حکومت کو پہلے ہی دس قسم کے ٹیکس دے رہے ہیں، ہم نے کمشنر ایف بی آر سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ ہم مزید ٹیکس دینے کو تیار ہیں آپ ڈاکٹرز کی کیٹگری بنا دیں اور اسی حساب سے ٹیکس لیں اور یہ جو ایف بی آر کے نمائندے کلینکس اور ہسپتالوں میں بٹھائے ہوئے ہیں ان کو وہاں سے واپس بلوا ئیں، تاہم ہماری بات کو یکسر مسترد کر دیا گیا۔وائی ڈی اے کے صدر ڈاکٹر معاویہ حسین نے کہا کہ میں اس معاملے میں اپنی مرکزی تنظیم کے ساتھ مکمل اتفاق کرتے ہوئے ساتھ دینے کا اعلان کرتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا وہ پی ایم اے کے ہر فیصلے کے ساتھ ہیں، اگر پی ایم اے ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کرتی ہے تو وہ اس معاملے میں پی ایم اے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔