شدید گرج چمک میں احتیاط کریں، گھروں میں رہیں: ماہرین

شدید گرج چمک میں احتیاط کریں، گھروں میں رہیں: ماہرین

موسمیاتی ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ شدید گرج چمک اور آسمانی بجلی کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور صرف ہنگامی صورتحال میں ہی فون استعمال کریں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ گرج چمک کے دوران پانی کے قریب جانا نہایت خطرناک ہے، اس لیے کشتیوں میں سوار افراد اور تیراک فوری طور پر کنارے کا رخ کریں۔ اسی طرح اس دوران نہانے یا برتن دھونے سے بھی اجتناب کیا جائے کیونکہ پانی بجلی کو براہ راست جذب کرتا ہے۔انہوں نے وضاحت کی کہ اگر مکان پر آسمانی بجلی گرے تو کرنٹ لوہے کے پائپوں کے ذریعے اندر منتقل ہوسکتا ہے، لہٰذا شہری اس وقت دھات کی اشیاء، سڑکوں پر موجود درختوں، کھمبوں اور باڑ کے قریب کھڑے ہونے سے گریز کریں۔

ماہرین نے یہ بھی کہا کہ عوام میں یہ تاثر غلط ہے کہ آسمانی بجلی ایک جگہ دو بار نہیں گرتی۔ درحقیقت بجلی جس مقام پر ایک بار گرے، دوبارہ بھی گر سکتی ہے اور اس کی زد میں آنے والی ہر چیز براہِ راست متاثر ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی شخص پر آسمانی بجلی گرے تو فوری طور پر ایمبولینس کو اطلاع دی جائے اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی جائے تاکہ قیمتی جانیں محفوظ رہ سکیں۔