2025 میں دو ہزار سے زائد منفرد ہیش ٹیگز ریکارڈ ، 1484 پہلی بار سامنے آئے
ہیش ٹیگز شناخت، رابطے اور حملوں کی ذمہ داری ظاہر کرتے ہیں:محققین کیسپرسکی
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)کیسپرسکی کے محققین نے ایک نئی رپورٹ سگنل ان دی نائز جاری کی ہے، جس میں 2025 کے دوران 120 سے زائد ہیکٹیوسٹ گروپس اور 11 ہزار سے زیادہ ہیکٹیوسٹ پوسٹس کا تجزیہ کیا گیا ہے جو ڈارک ویب پر شیئر کی گئیں، رپورٹ کے مطابق ہیش ٹیگز اب ہیکٹیوسٹ مہمات کا بنیادی حصہ بن چکے ہیں، جو شناخت، رابطے اور حملوں کی ذمہ داری ظاہر کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ڈسٹری بیوٹڈ ڈینائل آف سروس حملے اب بھی سب سے عام سائبر حملے کا طریقہ ہیں۔تحقیق سے ظاہر ہوا ہے کہ ہیکٹیوسٹ سرگرمیاں عالمی سطح پر پھیلی ہوئی ہیں اور مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے تنازعات سے آگے بڑھ کر یورپ، ایشیا اور امریکا سمیت مختلف خطوں کو نشانہ بناتی ہیں، رپورٹ کے مطابق ہیکٹیوسٹ گروپس جب کسی ہدف پر حملے کا اعلان کرتے ہیں تو وہ عام طور پر فوراً عملدرآمد کرتے ہیں اور اعلان کے چند دنوں میں حملہ شروع کر دیتے ہیں۔2025 میں دو ہزار سے زائد منفرد ہیش ٹیگز ریکارڈ کیے گئے جن میں سے 1484 پہلی بار سامنے آئے۔ زیادہ تر ٹیگز دو ماہ کے اندر ختم ہو جاتے ہیں، تاہم کچھ مقبول ہیش ٹیگز اتحاد اور اشتراک کے باعث زیادہ عرصہ برقرار رہتے ہیں۔ متاثرہ اداروں اور ممالک میں یورپ، امریکا، بھارت، ویتنام اور ارجنٹینا شامل ہیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ہیکٹیوسٹ گروپس مقامی ہدف کے بجائے عالمی شہرت کو ترجیح دیتے ہیں۔